گھوٹکی، سکھر،ڈھرکی (نامہ نگاران، بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اقتدار کیلئے نہیں عوام کیلئے ہٹائی تھی، میں دیکھ رہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے حکومت نہیں چل رہی، انہیں نہ تو کام کرنا آتا ہے اور نہ کروانا آتا ہے، الیکشن میں مخالفین کو خوش آمدید کہتا ہوں، سب اپنی سیاست کریں، ہماری اپنی سیاست اور فلاسفی ہے، ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں ، بھٹو کی قبر پر لکھا ہے کہ یہاں عوام کا نوکر دفن ہے، ہماری حکومت میں دوستوں نے بات نہیں مانی، جس سے پاکستان کو 5سے 10بلین کا نقصان ہوا، سمجھاگیا کہ ہمارا فائدہ ہے حالانکہ ہم نے ہمیشہ ملک کے فائدے کی بات کی، پاکستان بنایا بھی سندھ ہے اور بچانا بھی سندھ نے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھوٹکی کے علاقے خان گڑھ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے سندھی، سرائیکی میں بات کروں، دوستوں اور مخالفین کو پیغام دوں، ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلئے نہیں ہٹایا کہ ہمیں طاقت اور حکومت کی ضرورت ہے بلکہ ہمیں عوام کے حقوق اور ملکی ترقی کی ضرورت ہے۔