کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں سموگ کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال نے کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے آئے بین الاقوامی کھلاڑیوں کیلئے بھی مسائل پیدا کر دیے ہیں اور مضر صحت فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔
فضا میں آلودگی کی نگرانی کرنے والی کمپنی آئی کیو ایئر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، بھارت کے جن بڑے شہروں میں کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کی جا رہی ہے، ان میں سے کہیں فضا غیر صحت بخش ہے تو کہیں انتہائی غیر صحت بخش۔
نئی دہلی، ممبئی اور کولکتہ جیسے شہر فضائی آلودگی میں دنیا کے دس بڑے شہروں میں شامل ہیں۔
پیر کو نئی دہلی میں میچ سے قبل بنگلادیش اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹرز کے مشورے پر تربیتی سیشن منسوخ کر دیا۔ کچھ کھلاڑیوں کو سانس میں تکلیف کی شکایت پر ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
آئی کیو ایئر نے گزشتہ ہفتے نئی دہلی کو دنیا کے سب سے آلودہ ترین شہر کا درجہ دیا تھا۔