اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور وفا داریاں بدلنے کے واقعات پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومت کاتمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بے حد اہم ہے‘ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے‘ عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے‘ آزادانہ ‘ منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے‘ تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے ‘نگران وزیر اعظم حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ان معاملات پر غور کریں ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط لکھ کربنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے تحریک انصاف کے خدشات پر غور کرنے کا کہا ۔صدر مملکت نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے صدر کو خط بھی نگران وزیر اعظم کو ارسال کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں۔صدر مملکت نے کہاکہ صدر مملکت ریاست کے سربراہ کے طور پر جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہیں، آئین کے آرٹیکل 41کے تحت صدر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں ۔