اسلام آباد (قاسم عباسی) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں کام کرنے والی سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کو بھرپور کوشش کی ہدایت کردی۔
دی نیوز کے رابطہ کرنے پر وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں کام کرنے والی غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کا نوٹس لے لیا اور تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو ان کمپنیوں کے خاتمے کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، پیمرا، وزارت داخلہ، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور دیگر کو وزیراعظم آفس نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والی 150 سے زائد سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مکمل چھان بین اور تحقیق کے بعد ہم ان بیٹنگ کمپنیوں کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئے اور اب کسی قسم کی برداشت نہیں دکھائی جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دی نیوز نے حال ہی میں پی سی بی کی جانب سے ان کمپنیوں کو سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کے طور پر تسلیم کرنے سے انکار کی خبر دی ہے۔
پی سی بی نے دی نیوز کو بتایا کہ ان کمپنیوں کے ساتھ ان کے معاہدوں کی قسمت کا فیصلہ وقت کرے گا کیونکہ ان کے خلاف اب تک کچھ ثابت نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے انہیں ہدایت نہیں کی بلکہ صرف سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دی نیوز نے یہ بھی خبر دی تھی کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران پی سی بی نے ڈیفا نیوز کو این او سی دیا اور ان کے اشتہارات پاکستان کرکٹ میں آنا شروع ہوگئے۔ آج 150 سے زیادہ بیٹنگ کمپنیاں ملک میں گھس چکی ہیں۔