لاہور (نمائندہ جنگ، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے وفد کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اپنی رہائشگاہ آمد پر حاجی لشکری رئیسانی، میر ہمایوں کرد اور دیگر رہنماؤں کا استقبال کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کی جانب سے حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی جس پر لشکری رئیسانی نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ساتھیوں اور دوستوں سے مشاورت کے بعد فیصلے سے آگاہ کرینگے۔شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے، گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، 16ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دانش اسکول کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے، اللہ تعالی نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دینگے۔حاجی لشکری رئیسانی نے نواز شریف کی ملک وقوم کی ترقی کیلئے خدمات اور وژن کو سراہا۔حاجی لشکری رئیسانی نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارکباد دی ۔