اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و نیچرل رسورسز سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ایک بہت بڑی پیشرفت میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر دونوں ممالک کے درمیان ستمبر 2024 تک فعال رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے، ستمبر 2024 وہ نئی مہلت ہے جو ایران نے بین الاقوامی ثالثی کیلئے مقررکی ہے۔
دونوں ممالک 2سی 3ہفتوں میں ایک دوسرے سے رابطے شروع کر دیں گے، دونوں ممالک پراجیکٹ اس انداز سے پورا کرنا چاہتے ہیں کہ اس پر امریکی پابندیوں کا اثر نہ پڑے جبکہ اس سے قبل مذاکرات کے دوران ایران کا موقف تھا کہ گیس کی تجارت پر امریکی پابندیوں کا اثر نہیں پڑتا۔
14 نومبر کو پاکستان اور ایران کے مابین تعمیری مذاکرات میں پاکستان نے پراجیکٹ کے نفاذ کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ پاکستان گیس کی قلت کا سامنا کر رہا ہے اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے مہنگی ایل این جی درآمد کر رہا ہے۔
دوسری طرف پاکستان نے ترکمانستان افغانستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔