کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی آسٹریلیا کے29سالہ بیٹسمین ٹریوس ہیڈ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے نئے سپر اسٹار ہیں۔ ورلڈ کپ فائنل میں سنچری بناکر انہوں نے عظیم ایڈم گلکرسٹ اور رکی پونٹنگ کے ساتھ اپنا نام لکھوا دیا۔ اس سے قبل ٹریوس ہیڈ نے اس سال جون میں اوول میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں بھارت کے خلاف 163 رنز بناکر اپنی ٹیم کو 209 رنز کی کامیابی دلوائی تھی۔ احمد آباد میں فائنل سے قبل ٹریوس ہیڈ مکمل فٹ نہیں تھے لیکن ٹیم انتظامیہ نے انہیں کھلانے کا خطرہ مول لیا۔ کیوں کہ وہ سیمی فائنل میں بھی جنوبی افریقا کے خلاف پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کر چکے تھے۔ ٹریوس ہیڈ سے قبل ورلڈ کپ فائنل میں ایڈم گلکرسٹ149، رکی پونٹنگ140، ویوین رچرڈز138، اروندا ڈی اسلوا107ناٹ آؤٹ، 103مہیلا جے وردھنے، اور کلائیو لائیڈ کو 102رنزبنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ 2011 میں ممبئی میں جے وردھنے کی سنچری کے باوجود ان کی ٹیم بھارت سے ہار گئی تھی۔