کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ کے شمال کے کچھ علاقوں میں اسرائیلی فوجی ٹینکوں کو پسپائی کا سامنا ہے .
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں کے نتیجے میں غزہ اور اس کے شمال کے کچھ علاقوں میں اسرائیلی ٹینکوں کی پسپائی ہوئی ہے .
القسام بریگیڈ ز کا کہنا ہے کہ ان کے مزاحمت کاروں نے الطوام، جبالیہ، بیت لاحیہ اور الزیتون کے علاقوں میں 29 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا، القسام کے مطابق الرنتیسی اسپتال کے قریب ایک اسکول میں چھپے ہوئے فوجیوں، فوجی کیریئرز اور ایک ٹینک پر حملے میں اسرائیل کے کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں .
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جاری زمینی جنگ کے دوران اتوار کے روز اس کے مزید 5فوجی ہلاک ہوگئے ہیں
ہفتے کے روز صیہونی فوج نے اپنے مر نے والے 8فوجیوں کے نام جاری کئے تھے ، دو روز میں 13اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے
اسرائیلی فوج کے مطابق اب تک اس کے 64فوجی زمینی جنگ میں ہلاک ہوچکے ہیں
اتوار کے روز مارے گئے تمام فوجی شمالی غزہ میں ہلاک ہوئے،القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کرنے کی نئی ویڈیوز جاری کردی ہیں
، القسام کا کہنا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں پر حملے کئے جارہے ہیں جس میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچاہے۔