• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل اسمبلی کی صدارت، بنگلہ دیش نے پاکستان سے حمایت مانگ لی

اسلام آباد (صالح ظافر) اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کی صدارت کیلئے بنگلہ دیش نے پاکستان سے حمایت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے اپنے وزیر خارجہ اور معروف دانشور ڈاکٹر خلیل الرحمن کے لیے پاکستان کی حمایت مانگی ہے، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کی صدارت کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے اپنے ملک کے 55 ویں یومِ آزادی اور قومی دن کی مناسبت سے ایک مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں پروقار استقبالیہ دیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ درخواست پیش کی۔ مہمانوں میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل عامر احسن نواز بھی شامل تھے، جنہوں نے دیگر معزز مہمانوں کے ساتھ خوشگوار بات چیت کی۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ شرکاء نے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کی بھی تعریف کی، جو ایک حقیقی رہنما اور مدبر بن کر ابھرے ہیں۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سینئر پاکستانی رہنماؤں، سفارت کاروں اور معززین کی بڑی تعداد میں شرکت ڈھاکہ کی طرح یہاں بھی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش اور خطے میں ان دونوں برادر ممالک کے اہم کردار کی عکاس تھی۔

اہم خبریں سے مزید