کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے گوجرانوالہ اور لاہور سے 16 انسانی اسمگلرز سمیت 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے ایک ہی دن میں اشتہاریوں سمیت16 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث ایک اشتہاری سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان میں اشتہاری قیصر محمود تبسم ، ملک فہد، صائم سلطان، نعمان علی ، علی رضا، آکاش حمزہ، غلام اصغر ، تحسیب سرور ، اسد ، خرم طفیل ، محمد عثمان ، حماد عثمان، عبدالرحمٰن ، ناصر ارشاد، زریاز علی اور محمد جمشید شامل ہیں۔ملزمان کو گوجرانوالہ ،گجرات، منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 19 لاکھ روپے ہتھیائے۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔گرفتار ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے جن کو گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے لاہور نے لاہور ائیرپورٹ پر جعلی شناخت پر اٹلی جانے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔ملزم نے جعلی شناخت ظاہر کرتے ہوئے ایف زیڈ 360 کی پرواز سے اٹلی جانے کی کوشش کی۔ ملزم نے خود کو محمد رحمان طارق ظاہر کیا۔امیگریشن چیک کے دوران مشکوک ہونے پر مزید تفتیش کی گئی تو ملزم کا اصل نام محمد احسان طارق سامنے آیا۔ملزم اپنے بھائی محمد رحمان طارق کے دستاویزات پر اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا۔بھائی نے اٹلی سے سفری دستاویزات بذریعہ ڈاک بھجوائیں۔ملزم 2016 سے 2018 تک اٹلی میں قیام کر چکا ہے اور اطالوی زبان سے بھی واقف ہے۔مزید کارروائی کے لیے ملزم انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔