• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پاکستان واپسی سے استحکام آرہا ہے، چوہدری شرافت

ویانا (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت کی زیرِ صدارت مسلم لیگ ن آسٹریا کا مشاورتی اجلاس ہوا جس کا ایجنڈا پاکستان میں 8فروری 2024کے عام انتخابات تھا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن آسٹریا کے عہدیداران اور ہم خیال لوگوں نے شرکت کی۔ اجلاس 10ڈسٹرکٹ ویانا کے مقامی ریسٹورنٹ میں ہوا ۔صدر چوہدری علی شرافت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی پاکستان آمد پر اسٹاک ایکسچینج 57ہزار کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے اور مہنگائی میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے اور پاکستان میں سیاسی استحکام آرہا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے ضامن میاں نواز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب 8فروری کے الیکشن میں پاکستان میں رشتہ داروں ،دوستوں اور بہن بھائیوں کو مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کیلئے متحرک ہو جائیں، 8فروری سے پہلے ہم سب پاکستان جاکر مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کا ساتھ دیں اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی یقینی بنائیں۔ اجلاس میں چوہدری محمد نواز وڑائچ ،حاجی چوہدری وحید انور اور عاصم منصور بھٹی عرف بوبی نے بھی اظہارِ خیالات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اوورسیز پاکستانی پاکستان کے الیکشن مسلم لیگ ن کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت آنے پر میاں نواز شریف سے اپیل ہے کہ اوورسیز کو بھی پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے تاکہ تارکین وطن اپنے مسائل خود پارلیمنٹ میں پہنچا سکیں،جب بھی مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کی حکومت آئی پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہوا، مسلم لیگ ن نے اپنی سابقہ کارکردگی میں موٹر وے ،بجلی اور مہنگائی میں کمی جیسے مسائل کو ختم کیا۔2018 میں جہاں ترقی رکی تھی اب 2024کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہی سے ترقی کی طرف گامزن ہوں گے ، 8فروری کو شیر پر مہر لگا کر میاں نواز شریف کو تاریخی کامیابی دلائیں۔
یورپ سے سے مزید