کراچی(جنگ نیوز)امریکیوں کی اکثریت پاکستان کے مقابلے میں بھارت کو اپنا قریبی دوست سمجھتی ہے، اس بات کا انکشاف گیلپ پاکستان کے امریکی ادارے کے تعاون سے کرائے گئےسروے میں ہوا،جس میں تقریباً ا یک ہزار امریکیوں نے حصہ لیا۔سروے میں 56فیصد امریکیوں نے بھارت کو اپنا دوست سمجھاجبکہ 28 فیصد نے پاکستان کو دوست قرار دیا، اس کے برعکس39 فیصد امریکیوں نے پاکستان کو اپنا مخالف کہا جبکہ بھارت کو اپنا دشمن کہنے والے امریکیوں کی شرح 11 فیصد نظر آئی، 34فیصد نے پاکستان جبکہ 32 فیصد امریکیوں نےسروےمیں بھارت کے لئے کوئی رائے دینے سے گریز کیا، سروے میں یہ نوٹ کیا گیا کہ بھارت کو دوست کہنے والوں کی شرح سفید فارم امریکوں میں زیادہ ہے، جو 63فیصد ہے،جبکہ اسی گروہ میں پاکستان کو دوست کہنے والوں کی شرح 26 فیصد ہے،دیگر امریکی گروہوں میں بھارت کو 43 فیصد جبکہ پاکستان کو 32فیصد دوست کہتے ہیں،بھارت اور پاکستان کی حمایت امریکیوں میں عمر کےلحاظ سے دیکھی جائے تو 50 سال سے زائد عمر کے 61فیصد امریکی بھارت کوسپورٹ کرتے ہیں جبکہ اسی عمر کے 23فیصد امریکی پاکستان کے حامی دکھائی دیئے۔