اسلام آباد(ایجنسیاں/جنگ نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری بھی دبئی روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اسلام آباد ایئرپورٹ سے نجی طیارے کے ذریعے شام ساڑھے سات بجے روانہ ہوئے۔قبل ازیں بلاول بھٹو اچانک دبئی روانہ ہوگئے‘ ذرائع نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر خارجہ نجی طیارے کے ذریعے اچانک دبئی گئے ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں جلسوں کا پروگرام دھرا رہ گیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والدآصف زرداری کے انٹرویو کے چند گھنٹے بعد اپنی سوشل میڈیا پروفائل پکچر بھی تبدیل کردی۔نئی تصویر میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بلاول بھٹو کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر مسکراتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ادھرپیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں، بلاول بھٹو کا دبئی کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا۔وہ دو روز کیلئے گئے ہیں ‘چیئرمین پیپلز پارٹی پیر کو وطن واپس پہنچیں گےاور30نومبر کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کریں گے، بلاول بھٹو زرداری نجی دورہِ پر دبئی گئے ہیںجبکہ ایک انٹرویو میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی ترجمان شازیہ مری کا کہناتھاکہ بلاول بھٹوذاتی مصروفیات کی وجہ سے دبئی گئے‘وہ وہاں جاتے رہتے ہیں‘اس بار بلاول بھٹو کی دبئی روانگی کی خاص وجہ نہیں ہے، وہ اپنا دورہ خیبر پختونخوا مکمل کرکے بیرون ملک گئے ہیں۔آصف زرداری کے انٹرویو کا ذکر کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ 4پیز والی پیپلز پارٹی آمریت کے جبر میں بنانا پڑی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا تھا کہ جو پیپلز پارٹی الیکشن لڑے گی اس کا ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار بلاول نہیں ان کے پاس ہےاور بلاول کو بھی ٹکٹ وہ ہی جاری کریں گے ۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ بلاول ابھی زیر تربیت ہے، نئی پود کی سوچ یہی ہے کہ بابا کو کچھ نہیں پتا۔