• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عماد وسیم انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر، مستقبل کا پلان نہیں بتایا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ البتہ اپنے مستقبل کا پلان نہیں بتایا ہے۔ کر کٹ ویب سائٹ کے مطابق عماد وسیم نے سوشل میڈیا پراس متعلق ایک پوسٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ گذشتہ چند ہفتوں سے اس بارے میں غور کررہا تھا، ریٹائرمنٹ کا یہ درست وقت ہے، پی سی بی اور تمام مداحوں کی سپورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،121میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے۔ میری سب کے لیے نیک خواہشات ہیں انٹرنیشنل کیریئر سے ہٹ کر اگلے مرحلے پر اپنی توجہ مرکوز کروں گا۔ واضح رہے کہ عماد وسیم نے55 ون ڈے اور66ٹی 20انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے رواں سال اپریل میں آخری بار نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں حصہ لیا تھا۔ عماد نے اپنے کیریئر کا آغاز2006میں یوتھ ورلڈ کپ جیت کر اور2008 میں اسی ایونٹ میں پاکستان کی کپتانی کر کے کیا۔عماد نے2016میں ہونے والے ورلڈT20 میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لکھا کہ عماد وسیم پاکستان کرکٹ کے لیے آپ کی خدمات پرشکریہ، مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ اس سے قبل نیشنل ٹی20میں اسلام آباد کے ہیڈ کوچ جنید خان نے کہا تھا کہ عماد وسیم نیشنل ٹی20چھوڑ کر ٹی10لیگ کھیلنے جارہے ہیں۔ عماد کو جمعہ کو پی سی بی نے اسلام آباد کے اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔ انہیں حارث رؤف کی قیادت میں کھیلنا تھا۔

اسپورٹس سے مزید