• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے، اداکارہ و ماڈل ہاجرہ خان پانیزئی


اسلام آباد (رپورٹ :عاصم جاوید) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ماڈل و اداکارہ ہاجرہ خان پانیزئی نے سربراہ پی ٹی آئی کو جھوٹا اور مکار شخص قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کیساتھ جنسی تعلق کے نتیجے میں 21 سالہ لڑکی کے حاملہ ہونے کی خبر 200 فیصد درست ہے ، کوکین بھی استعمال کرتے تھے۔ 

گزشتہ روز اسلام آباد میں اپنی سوانح حیات "Where the opium grows, surviving Pakistan as Woman, an Actress and knowing Imran Khan" کے اوریجنل ورژن کی تقریب رونمائی کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی کتاب میں لکھے ایک ایک لفظ پر قائم ہوںدھمکیوں کے باعث کتاب پہلے شائع نہیں کی۔ کتاب کا زیادہ حصہ انکے اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے تعلق کے بارے میں ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ چھ سال کی عمر میں میرا جنسی استحصال ہوا اور یہ کتاب میری زندگی کی جدوجہد کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں ہی محسوس کر لیا تھا کہ عوام جس شخص کو پریشر گروپ ، مسیحا یا ہیرو کی نظر سے دیکھتے ہیں اس کی نجی زندگی بہت مختلف تھی،میں نے اپنی کتاب میں اپنی ہی کمزوریوں اور بیوقوفیوں کا احتساب کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کیساتھ میری دوستی تھی اور میری وجہ سے میرے والد پی ٹی آئی کا حصہ بنے، میں نے تحریک انصاف کیلئے دوستوں سے جھگڑے کئے لیکن آج وہ سب سوچ کر بہت افسوس ہوتا ہے۔عمران خان ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے۔ یہ کتاب 2014 میں لکھی تھی اور سب سے پہلے اس کا مسودہ عمران خان کو بھجوایا ، ڈر تب لگتا جب جھوٹ بولتی ، لیکن تب یہ کتاب چھپنے نہیں دی گئی، دھمکیوں کی وجہ سے کتاب پہلے شائع نہیں کی۔ اب بھی بڑی جدوجہد کے بعد یہ کتاب چھپی ہے۔ مجھے پاکستان سے باہر جانا پڑا،لندن میں یہ کتاب چھپنے کیلئے پبلشر کو دی لیکن اس نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اس میں بہت سارے الزامات ہیں جن کو ثابت کرنا مشکل ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس کتاب میں جو بھی لکھا ہے ان کے پاس پورے ثبوت موجود ہیں، واپس آئی تو میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ای میل ہیک کر لی گئی جو ابھی تک بحال نہیں ہوئے۔ 

ہاجرہ کا نے کہا کہ یہ کتاب کسی نے نہیں چھپوائی بلکہ اس کے پیچھے ان کی سالوں کی جدوجہد ہے اور ابھی بھی یہ کمرشلی نہیں چھپی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ میرے پیشے کو لے کر مختلف قسم کی رائے دیتے ہیں،مجھے پتہ ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں ، میں ماڈل رہ چکی ہوں، میری اپنی زندگی اور اپنی چوائسز ہیں ، میں جو مرضی پہنوں ، میری ساڑھی توشہ خانہ سے نہیں آئی ، میں نے کسی خزانے سے پیسے نہیں لئے، کسی پلاٹ پر قبضہ تو نہیں کیا، اگر میں کسی کے بارے میں بات کرتی ہوں جو کسی کے آئیڈل ہو سکتے ہیں تو یہ اس شخص کے بارے میں اسکی قابلیت اور پھر اس سے توقعات کے ختم ہو جانے کے بارے میں ہے۔ جو کچھ اس کتاب میں لکھا ہے یہ میرا ذاتی مشاہدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کتاب کوئی لو سٹوری ہے نہ کسی کی کردار کشی کر رہی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہم ایک قوت اور مسیحا کی طرح دیکھتے تھے جو ہماری کم علمی یا ناتجربہ کاری تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر وہ کبھی انتخابات میں حصہ لے گا تو ری پبلکن پارٹی کی طرف سے لے گا کیونکہ اس جماعت کے ووٹر سب سے زیادہ بیوقوف ہیں۔

اہم خبریں سے مزید