• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج کو بغاوت پر اکسانے کا الزام، میجر (ر) عادل راجہ کو 14، کیپٹن (ر) حیدر مہدی کو 12 سال قید کی سزا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران عادل فاروق راجا اور حیدر رضا مہدی کو کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنا دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجا اور کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے ذریعے فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی کرنے اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے برخلاف کام کرنے کے الزامات کے تحت سزا سنائی گئی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ عدالت نے 7 اکتوبر اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو عدالتی کارروائی کے تحت مجرم قرار دیا اور فیصلہ سنایا، جس کے تحت میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجا کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی جبکہ کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سزا کے تحت 21 نومبر 2023 سے دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔ سزا پانے والے پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران اپنے سوشل میڈیا بیانات اور وی لاگز میں پاک آرمی اور اعلیٰ افسران کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کیا کرتے تھے،عادل راجا، حیدر رضا مہدی کیخلاف مختلف مقدمات بھی درج ہیں۔ 

اہم خبریں سے مزید