پاکپتن(نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف سوئی ہوئی حکومت کو جگانے کیلئے میدان میں نکلاہوں۔ غزہ کے حق میں سابق حکمرانوں نے ایک لفظ بھی نہیں کہا جوانتہائی شرمناک بات ہے۔ میں لاکھوں کے جلسے کررہا ہوں ، یہ کیوں نہیںکرسکتے،یہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے خاموش ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکپتن میں غزہ کے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں نے ترکی، قطر اور دیگر اسلامی ممالک کے دو رے کئے اورانہیں ایک ہی درخواست کی کہ وہ غزہ کوبچائیں یا ہمیں راستہ دیں۔ غزہ کے لوگوںکاایک ہی قصورہے کہ وہ مسلمان ہیں۔اگر غزہ جیت گیا تو یہ عالم اسلام کی کامیابی ہوگی۔سراج الحق نے عوام سے اپیل کی کہ8 فروری کوکرپشن عریانی فحاشی لوٹ مار کے خلاف ووٹ دیں کیونکہ منافق سیاستدان اس ملک کی تباہی کاسبب ہیں ۔