ابوظہبی(جنگ نیوز/ ایجنسیاں) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی‘پورٹ آپریشنز پروجیکٹس‘ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ‘فوڈ سکیورٹی‘ لاجسٹک، کان کنی، ایوی ایشن اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں اربوں ڈالر کےایم اویوز پر دستخط ہو گئے ہیں۔یو اے ای سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ معاہدوں سے علاقائی استحکام اور اسٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی نئے دور کا آغاز ہواہےجس پر دونوں ملکوں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان معاہدوں کے ملکی معیشت پرمثبت اثرات بہت جلد مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شیخ محمد بن زائد النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی ہے ، سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزراءبھی موجود تھے ۔بعد ازاں انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے حوالے سے خصوصی طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کاکڑ نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔