• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچز پاکستان سے رخصت، مستقبل غیر یقینی، فیصلہ خود کرنا ہے

کراچی (عبدالماجد بھٹی) بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے غیر ملکی کوچزکا مستقبل غیریقینی ہوچکا ہے، وہ اب وطن واپس جاچکے ہیں،انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔ حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے لاہور سے وطن واپس جانے سے قبل سابق بورڈ کی ایک اہم شخصیت کے ساتھ ڈنر کیا اور اپنے مستقبل کے حوالے سے اہم مشاورت کی تھی۔ پی سی بی کی راہدایوں میں یہ باتیں ہورہی ہیں کہ غیر ملکی کوچز اب پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ان کی سبکدوشی کے لئے درمیانی راستہ نکالا جاسکتا ہے۔ ورلڈ کپ کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے غیر ملکی کوچز پی سی بی کے رویے سے خوش نہیں ہیں لیکن معاہدوں کے باوجود عہدوں سے محروم ہونے کے بعد ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پیو ٹک اب لاہور میں موجود نہیں ہے۔ پی سی بی نے تصدیق کی کہ مکی آرتھر ،گرانٹ بریڈ برن اور پیوٹک چھٹیوں پر چلے گئے ہیں جبکہ فزیو تھراپسٹ کلف اور ٹرینر سائمن اب بھی پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے بعد تینوں کوچز کو فارغ کرکے سابق کپتان محمد حفیظ کو ڈائریکٹر کرکٹ مقرر کیا تھا۔ جبکہ ہیڈ کوچ کا عہدہ ختم کرکے تمام کوچز کا انچارج محمد حفیظ کو مقرر کیا گیا تھا۔ چوں کہ بولنگ کوچ مورنےمورکل نے استعفی دے دیا تھا اس لئے عمر گل کو فاسٹ بولنگ کوچ اور سعید اجمل کو اسپن بولنگ کوچ بنایا گیا ہے۔ پی سی بی نے اعلان کیا تھاکہ غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کوپاکستان ٹیم کی ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا نہیں جاسکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے تمام کوچنگ اسٹاف کاعہدہ تبدیل کردیا ہے جس میں ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بھی شامل ہیں۔ تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ تینوں غیر ملکی کوچز کو سابق انتظامیہ نے اس سال کے شروع میں مقرر کیا تھا۔ مکی اپنی پسند سے ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ لائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اور غیر ملکی کوچز پی سی بی کے رویے سے خوش نہیں ہیں چوں کہ پی سی بی نے ان کی خدمات پاکستان ٹیم کے لئے لی تھیں اس لئے یہ بات واضحنہیں ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کریں گے۔کول کتہ میں ورلڈ کپ کے آخری لیگ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد جب مکی آرتھر پریس کانفرنس کے لئے آئے اور ان سے پوچھا گیا کہ آپ خراب کارکردگی کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں تو انہوں نے کہا کہ تھا کہ کوچز گراؤنڈ سے باہر پلاننگ اور کوچنگ کرتے ہیں ۔ دائرے کے اندر کارکردگی کھلاڑیوں کو دکھانا ہوتی ہے اس کے باوجود اگر پی سی بی کو انتہائی قدم اٹھانا چاہتی ہے تو میں ڈاربی شائر کاؤنٹی چلا جاؤں گا۔

اسپورٹس سے مزید