سکھر(جنگ نیوز)سکھر کے نامور عالم دین و علماء کرام نے حکومت سے حج پالیسی 2024میں عورت کے بغیر محرم کے حج ادا کرنے کے فیصلے کو غیرشرعی قرار دیتے ہوئے فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عورت کی نازک طبیعت کی حفاظت اور راحت کے پیش نظر خواتین کا بغیر محرم کے حج کرنا اسلام میں سختی سے ممنوع ہے۔ جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم و صدر نامور مذہبی اسکالر حضرت مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی، جامع اللہ والی مسجد کے خطیب مفتی عبدالباری، جامعہ اشرفیہ کے مفتی عبدالغفار، مدرسہ حمادیہ مزنل گاہ کے مفتی سعود افضل ہالیجوی، خطیب جامع مسجد سکھر قاری جمیل احمد بندھانی، جامعہ اشرفیہ کے مفتی صفوان و دیگر نے جاری بیان میں کہا کہ اسلامی صحیفوں کے مطابق عورت کو صرف اپنے شوہر یا کسی ایسے محرم کے ساتھ عمرہ یا حج کرنے کی اجازت ہے جس سے اس کا خونی یا رضاعی رشتہ ہو۔ محرم کے بغیر شرعی سفر کرناعورت کیلئے ناجائز ہے، خواہ عورت جوان ہو یا بوڑھی۔