کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،مالیاتی اداروں کی منتخب خریداری ، کاروباری ہفتے کے پہلے روز کی تاریخی مندی کے بعد دوسرے روز زبردست تیزی، کے ایس ای100 انڈیکس میں 5159پوائنٹس کا اضافہ،6نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 51 ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر ایک لاکھ 57ہزار پوائنٹس پر آگیا، سرمایہ کاری مالیت 445 ارب 97کروڑ 6 لاکھ روپے بڑھ گئی، 47.50فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی،کاروباری حجم بھی 4.79 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق ایران امریکا جنگ کے باعث پیدا ہونے والے خوف و ہراس سے پیر کو مارکیٹ میںبحرانی کیفیت دیکھنے میں آئی جبکہ منگل کو صورتحال تبدیل ہو گئی،اگرچہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ٹریڈنگ کے آغاز پر فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا اور ایک موقع پر انڈیکس میں 714 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی لیکن جلد ہی مالیاتی اداروں کی چند منافع بخش سیکٹرز میں بھاری خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کی لہر چھا گئی اور انڈیکس بڑھتے ہوئے 6245 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 58 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔