• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام بنیادی ڈھانچے کی شکل اختیارکرنے لگا

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام اب محض جدّت سے آگے بڑھ کر بنیادی ڈھانچے کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کی کیش لیس اکانومی مہم، جسے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی معاون پالیسیوں کی حمایت حاصل ہے، قومی سطح پر رفتار پیدا کر رہی ہے۔یہ خیالات موبی لنک بینک اور جاز کیش کے چیئرمین عامر ابراہیم نے بارسلونا میں منعقدہ فِن ٹیک اینڈ کامرس سمٹ کے موقع پر جی ایس ایم اے کے فِن ٹیک لیڈ برائن گورمن کے ساتھ گفتگو کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو تیز تر بنانے کی کوششیں اب قابلِ پیمائش نتائج دے رہی ہیں۔وزیرِاعظم کی اس مہم کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ، عوامی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی، اور حکومت سے عوام اور عوام سے حکومت (G2P اور P2G) لین دین کو ڈیجیٹل بنانا ہے۔ اس حکمتِ عملی کا بنیادی ہدف نقدی پر انحصار کم کرنا، معاشی سرگرمیوں کی دستاویز بندی کو وسعت دینا، اور باضابطہ مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانا ہے۔عامر ابراہیم کے مطابق پاکستان کا ڈیجیٹل مالیاتی انتقال مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار ہے، جس کی قیادت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کر رہا ہے۔ ’’راست‘‘ کے اجرا نے ایک باہمی طور پر مربوط (انٹرآپریبل) ادائیگی نظام فراہم کیا ہے، جو بینکوں اور موبائل والٹس کو آپس میں جوڑتا ہے اور صارفین و تاجروں کو بغیر رکاوٹ لین دین کی سہولت دیتا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید