کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزارت تجارت خواتین چیمبرز کی فیس 50فیصد کم کرے، خواتین چیمبرز مالی مشکلات کا شکار ہیں ، اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے، تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر اور بی ایم پی پروگریسو (بی ایم پی پی) کے چیئرمین و سینئر نائب ایف پی سی سی آئی صدر ثاقب فیاض مگوں نے مشترکہ طور پر وزارتِ تجارت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لیے میمورنڈم اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن میں ترمیم کی فیس میں 50 فیصد کم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013ء کے شیڈول ای میں ترمیم کے بعد تمام تجارتی اداروں کے لیے ترمیمی فیس ایک لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے جو خواتین چیمبرز کے لیے اضافی بوجھ ہے۔دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ ترامیم چیمبرز اپنی مرضی سے نہیں بلکہ ڈی جی ٹی او کی ہدایات کے تحت کر رہے ہیں اس لیے اس عمل کو آسان اور کم خرچ بنایا جانا چاہیے۔