• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری کروڑوں سے محروم، ایک ٹریکٹر 23 موٹر سائیکل چوری، سسر 18 تولے سونا لے اڑا

راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں ایک ٹریکٹر اور 23موٹر سائیکلوں کی چوری سمیت شہری ڈکیتی‘ سرقہ بالجبر‘ سٹریٹ کرائمز‘ نقب زنی‘ نوسر بازی سمیت درجنوں وارداتوں میں کروڑوں روپے کے قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میس کے پرچیز انچارج کیخلاف پونے 10لاکھ لیکر غائب ہونے پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ تھانہ مارگلہ پولیس کو لیفٹیننٹ کرنل عثمان بشیر نے رپورٹ درج کرائی کہ سویلین پرچیز انچارج مبشر علی اپنی ساس کی وفات پر 9دن کی چھٹی پر گیا اور واپس نہیں آیا۔ اسکے ذمہ 9لاکھ 76ہزار روپے کے واجبات ہیں۔ تھانہ گنج منڈی ایریا نرنکاری بازار میں مہربان علی نامی بائیکیا والا نوسربازی کرتے ہوئے سامان لیکر غائب ہو گیا۔ تھانہ بھارہ کہو پولیس کو طیبہ نے بتایا کہ میرے سسر حاجی رحیم نامعلوم افراد کے ساتھ گھر میں آئے، توڑ پھوڑ کی اور 18تولے سونا‘ 80ہزار روپے نقدی اور دیگر گھریلو سامان لے گئے۔ دیگر درجنوں وارداتیں تھانہ نصیرآباد‘ دھمیال‘ جاتلی‘ روات‘ تھانہ صدر واہ‘ نیو ٹاؤن‘ تھانہ کینٹ‘ ترنول‘ آئی نائن‘ کراچی کمپنی‘ کورال‘ آبپارہ‘ مارگلہ‘ شالیمار‘ لوئی بھیر‘ رمنا سمیت دیگر علاقوں میں ہوئیں۔