سلاؤ (اورنگزیب چوہدری) سلاؤ میں مقیم برطانیہ کی ممتاز سیاسی سماجی کاروباری شخصیت سابق صدر چمبر آف کامرس گجرات چوہدری افتخار نے جنگ جیو لندن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا ہوا ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ پارٹی مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے پی پی 33 لالہ موسیٰ گجرات سے امیدوار نامزد کرے گی۔ میں نے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ عوام حلقہ کے اصرار اور خواہش پر کیا۔ ان شاللہ میری کامیابی یقینی ہے۔ چوہدری افتخار نے کہا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد پاکستان کی سیاسی صورت حال مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت میں ہے۔ محترمہ مریم نواز کا جلالپور جٹاں میں شاندار تاریخی استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا میری سیاست عوامی خدمت ہے، لوگوں کی خدمت میری زندگی کا مشن اور مقصد ہے۔ چوہدری افتخار نے کہا لالہ موسیٰ گجرات کے عوام باشعور ہیں وہ سب اچھے بھلے کا فرق خوب سمجھتے ہیں، میری زندگی کھلی کتاب ہے۔ عوام حلقہ نے مجھے جس پیار و محبت عزت اور اعتماد سے نوازا ہے، اس سے میرے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ چوہدری افتخار نے مزید کہا میں حلقہ پی پی 33 کے عوام کے ساتھ اپنی اوورسیز کیمونٹی کو یقین دلاتا ہوں آپ کو کسی صورت مایوس نہیں کروں گا۔ اوورسیز پاکستانی ہمارے جسم و جان کا حصہ ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مثبت تعمیری کردار ادا کروں گا۔ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ چوہدری افتخار نے کہا اوورسیز پاکستانی میری کامیابی کے لیے کردار ادا کریں اور الیکشن کیمپین کو لیڈ کریں۔ سلاؤ سیمت برطانیہ کے دیگر شہروں میں حلقہ پی پی 33 کی بہت بڑی تعداد قیام پزیر ہے، میری تمام اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ میرے الیکشن کو اپنا الیکشن سمجھ کر میری کامیابی میں کردار ادا کریں۔