• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرائم منسٹر الیون سے پریکٹس میچ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیلنجنگ دورۂ آسٹریلیا کا آج آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شان مسعود کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم چیلنجنگ دورہ آسٹریلیا کا آغاز بدھ سے کینبرا میں آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ سے کررہی ہے۔ 

منگل کومانوکا اوول میں شان مسعود اور پی ایم الیون کے کپتان نیتھن میک سوینی نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا با قاعدہ آغاز 14 دسمبر کو پرتھ میں ہوگا۔

 پاکستان ٹیم نے آسٹریلوی کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرنے کیلئے گزشتہ دو روز میں بیٹنگ، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کے طویل سیشن اور فزیکل ٹریننگ کی۔ 

شان مسعود نے کہا کہ ایسی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں جو دونوں ممالک کے کرکٹ فینز کو پرجوش کرے، ہمیں رنز بنانے کی رفتار تیز کرنی ہوگی ۔

بولرز بیس وکٹیں لیں گے تو پلانز پر عملدرآمد کرنا آسان ہوجائے گا، ہمارے پاس بولنگ میں بہت آپشنز موجود ہیں۔

 سڈنی میں گیند ریورس ہوتا ہے، وسیم جونیئر کو اس لیے ساتھ لائے ہیں، خرم شہزاد اور میر حمزہ دونوں ڈومیسٹک کے پرفارمر ہیں، عبداللہ شفیق اور امام الحق اوپننگ کریں گے، بابراعظم نمبر چار پر کھیلیں گے، سرفراز احمد کو محمد رضوان پر ترجیح دیں گے۔ 

یہ ڈیوڈ وارنر کیلئے جذباتی سیریز ہوگی ۔ کوشش کریں گے آخری سیریز میں ان کیلئے مختلف چیلنجز لائیں۔ یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں ، کسی کا منہ بند نہیں کرنا، اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق ایسی کرکٹ کھیلیں گے جو فینز کو پسند آئے۔ زندگی میں ہمیشہ چیلنجز لیے ہیں، یہ ایک چیلنج اور اچھا موقع ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ہے، آسٹریلیا کا اسکواڈ بہت مضبوط ہے، آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک نے ہر کنڈیشنز میں برتری حاصل کی ہے۔ 

ٹیسٹ کرکٹ اب بہت تبدیل ہو چکی ہے اور اس کے مطابق کھیلنا ہے، ہمارا گول یہی ہے کہ ہم نے اپنی شناخت بنانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید