کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک دن کے آرام کے بعد بدھ سے سپر ایٹ مرحلے کے بقیہ میچ کھیلے جائیں گے۔ دفاعی چیمپئن پشاور نے چاروں جبکہ ایبٹ آباد اور پنڈی نے تین تین میچ جیتے ہیں۔ سپر 8 مرحلے میں پیرکی شب آخری میچ میں لاہور بلوز نے راولپنڈی کو 64 رنز سے شکست دیدی۔ اس میچ کی خاص بات لاہور بلوز کے نثار احمد کی ہیٹ ٹرک تھی انہوں نے صرف 5 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرڈالیں۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور بلوز نے 3 وکٹ پر166 رنز بنائے۔ حسین طلعت نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 جبکہ قاسم اکرم نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران بٹ نے 39 رنز چھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے اسکور کیے ۔ جواب میں راولپنڈی کی ٹیم 17.4 اوورز میں 102 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مبصر خان 24 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ نثار احمد کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔