کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیرِ اطلاعات، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے منگل کو اردو باغ گلستانِ جوہر میں شاعرِ انقلاب شبیر حسن خاں جوش ملیح آبادی کے نام سے منسوب "ایوانِ جوش" کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جوش صاحب کے بارے میں بہت سی یادیں اور باتیں ہم نے مشتاق احمد یوسفی اور ڈاکٹر عالیہ امام کی زبان سے سنیں،انہوں نے ڈاکٹر ہلال نقوی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر ہلال نقوی نے جوش صاحب کے 26 مجموعوں کی تدوین و تالیف کا معرکۃ الآرا کام انجام دے کر ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ہے،محمد احمد شاہ نے کہا کہ اقبال حیدر نے اپنی عمر بھر کی کمائی لگاکر ایوانِ جوش کی عمارت بناکر ہمیں دی ہے جو ایک مثالی اور قابلِ تقلید کام ہے، انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ایوانِ جوش کے لئے سرکار کی جانب سے کچھ معاونت مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں،تقریب میں ڈاکٹر عالیہ امام، افتخار عارف، ڈاکٹر ہلال نقوی، پروفیسر سحر انصاری ، ڈاکٹر جعفر احمد ، ڈاکٹر محمد رضا کاظمی، جناب راحت سعید، فراست رضوی، ڈاکٹر عقیل عباس جعفری، عارف امام ، باسط خلیلی، حوری نورانی، شائستہ رضوی، محبوب ظفر، سعدیہ بلوچ، واجد جواد، جاوید جبار اور اقبال حیدر نے بھی خطاب کیا۔