اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے شیریں مزاری کی گرفتاری پر بنائے گئے انکوائری کمیشن کی رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ انکوائری کمیشن رپورٹ دیکھے بغیر درخواست نہیں نمٹا سکتا۔ گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اس کیس میں عدالت نے ستمبر 2022 میں ایک کمیشن بنایا تھا ، عدالتی حکم پر کمیشن نے رپورٹ وفاقی حکومت کے سامنے رکھی یا نہیں ، اس کا علم نہیں ۔ شیریں مزاری کی گرفتاری پر اس وقت کے چیف جسٹس نے ایک انکوائری کمیشن بنایا تھا۔ کمیشن کے بعد یہ کیس صرف شیریں مزاری کا نہیں بلکہ مطیع اللہ جان ، ابصار عالم و دیگر بھی اس میں شامل ہیں۔