• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں نواز شریف کی بریت جمہورت کی فتح ہے، رہنما ن لیگ ہالینڈ

دی ہیگ (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز ہالینڈ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی بریت کو جمہوریت کی فتح قرار دیاہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن ہالینڈ کا ایک اجلاس زیر صدارت چوہدری پرویز علی سندیلہ منعقد ہوا جس میں چیئرمین پیر سید اقرار شاہ ،سینئر نائب صدر جاوید بٹ پیارے، نائب صدر محمد یونس بٹ، محمد خورشید مغل، جنرل سیکرٹری چوہدری فیصل منظور، سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر، ہیڈ اف یوتھ عبدالباسط خان، سید رضوان احمد، محمد محسن وارثی، حاجی عبدالقیوم، چوہدری محمد ریاض سمیت مرکزی عہدے داران نے شرکت کی ۔اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیر سید اقرار شاہ نے کہاکہ نوازشریف نے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا، دیر سے سہی لیکن سرخرو ہوئے، انہوں نے اپنے کارکنوں کو سانحہ نو مئی جیسے کارنامے سرانجام دینے کی ترغیب نہیں دی۔ صدر چوہدری پرویز سندھیلہ نے کہا یہی ایک جمہوری رہنما کی نشانی ہوتی ہے کہ وہ اپنی ذات پر قومی مفاد کو ترجیح دیتا ہے۔ چوہدری پرویز سندیلہ نے کہا قائد میاں محمد نوازشریف کے خلاف سازشی سزائوں کے ماسٹر مائنڈز کا بھی احتساب ہونا چاہئے، نیب کے اُن کرداروں اور پانامہ ججزوں کو بھی کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے۔ سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر نے کہا انتخابات سے قبل نوازشریف کی تاریخی فتح نے انتخابی مہم کی تحریک پیدا کردی ہے، نوازشریف سرخرو ہوکر عوام میں اتریں گے ۔ انہوں نے کہا جب اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کردیا جائے تو پھر زمینی خداوں کی ایک نہیں چلتی،قائد میاں محمد نوازشریف کے توکل نے انہیں پوری دنیا کے سامنے فتح یاب کرایا۔ مسلم لیگ ن ہالینڈ نے میاں نوازشریف کی تاریخی بریت پر کمیونٹی میں مٹھائیاں بانٹیں اور شکرانے کے نفل بھی ادا کئے۔ اجلاس سے سینئر نائب صدر جاوید بٹ پیارے اور سیکرٹری جنرل چوہدری فیصل منظور نے بھی خطاب کیا اور قائد میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد دی۔

یورپ سے سے مزید