کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصا ف کے سینئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان کرنے میں تاخیر کررہا ہے جس کی وجہ سے کنفیوژن ہے،عوام کہتی ہے تمام تر مشکلات و خطرات کے باوجود ووٹ عمران خان کو ہی دینا ہے،ن لیگ کے سینئر رہنما خرم دستگیر خان نے کہا کہ نواز شریف نے مینار پاکستان پر ملک کو آگے لے جانے کا راستہ دکھایا، نواز شریف نے چار سا ل کی قلیل مدت میں پاکستان کے چار عفریت نما مسائل حل کئے۔تحریک انصا ف کے سینئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس سب سے طاقتور ہتھیار عوام ہیں، عوام پی ٹی آئی کو ووٹ کرنے کیلئے تیار بیٹھی ہیں، عوام کہتی ہے تمام تر مشکلات و خطرات کے باوجود ووٹ عمران خان کو ہی دینا ہے، سپریم کورٹ نے کہہ دیا ہے الیکشن آٹھ فروری کو ہوگا، الیکشن کے انعقاد میں ابہام کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان پر عائد ہوتی ہے، الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان کرنے میں تاخیر کررہا ہے جس کی وجہ سے کنفیوژن ہے، الیکشن شیڈول کا اعلان ہوتے ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کردیں گے، تحریک انصاف کو نہ انتخابی مہم چلانے دی جارہی ہے نہ لیول پلیئنگ فیلڈ دی جارہی ہے، اس کے باوجود الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔