پشاور (کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے سے نجی سکول کے طالبعلم کوتاوان کیلئے ملزمان نے سوزوکی میں اغوا کرلیا تاہم پولیس اور ایکسائزاہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بازیاب کراکے اغوا کارگروہ کو بھی گرفتار کرلیا ۔ملزمان نے سرکاری وردی پہن رکھی تھی جومغوی طالبعلم کو صبح سکول جاتے وقت زبردستی رکشہ سے اتار کر گاڑی میں لیجارہے تھے ۔ رکشہ ڈرائیور خان شیر ولد محمد شیر سکنہ کوہاٹی گیٹ نے پولیس کو اطلاع دی کہ دسویں جماعت کے طالبعلم محمد احمد ولد محبوب گل کو اس کے دو بہنوں سمیت سکول لےکرجارہے تھے اس دوران سخی شاہ زیارت پہنچے تو سرکاری یونیفارم میں ملبوس دو گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے اسلحہ کی نوک پرانہیں روکا اور رکشہ سے محمد احمد کو اتار کر گاڑی میں بٹھادیااوربیرسکو کے راستے فرار ہوگئے۔اطلاع پر شاہ قبول اور شاہ پور پولیس نے ایکسائز اہلکاروں کے ہمراہ ایکشن لیتے ہوئے چمکنی کے علاقے میں گاڑیوں کا تعاقب کرکے دو مسلح ملزموں ہمایون اور محمد طیب کو گرفتار کرلیا جبکہ مغوی طالبعلم کو بازیاب کرایا ۔طالبعلم کی والدہ مسماة(ر )زوجہ محبوب گل کی مدعیت میں تھانہ شاہ قبول میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے تاوان کی غرض سے اغوا کرنےکی کوشش کی جس کا والد بیرون ملک مقیم ہے۔اغوا کاروں کا تعلق ہنگو اورکزئی سے بتایاجاتاہے ۔