اسلام آباد (فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی) اسلام آباد میں زرداری ہاؤس انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر آباد ہوگیا، جمعہ کوآصفزرداری سےایمل ولی کی قیادت میں اے این پی رہنماؤں نے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ، دونوں جماعتوں نے غیر رسمی بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا کہ خیبرپختونخوا میں آنیوالے انتخابات میں سیاسی ہم آہنگی کی فضا قائم کرکے انتخابی میدان میں اترا جائیگا تاہم حکمت عملی وضع کرنے کیلئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جمعہ کو مصروف دن گزارا، آصف علی زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پارٹی کے قائد اسفند یار ولی خان کا پیغام بھی پہنچایا جبکہ آصف علی زرداری نے اسفند یار ولی خان کی صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔