• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا، دنیا میں ظلم و استبداد کے خلاف بیداری کی لہر پیدا ہوچکی ہے، مقررین

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپی پارلیمنٹ میں ایک سیمینار کے مقررین نے کہاہے کہ دنیا کے بدلتے ہوئے رجحانات میں بھارت مظلوم کشمیریوں کی آواز کو زیادہ دیرتک دبا نہیں سکتا۔ مقررین کی جانب سے ان خیالات کا اظہار ’’بدلتی ہوئی دنیا میں کشمیریوں کی آواز‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں جاری ’’کشمیرای یو ویک‘‘ میں کیاگیا۔ ان دنوں کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام ’’کشمیرای یو ویک‘‘ منایا جارہا ہے جو پندرہ دسمبر تک جاری رہے گا۔ ’’کشمیر ای یو ویک‘‘ کی تقریبات کا آغاز منگل کے روز یورپی پریس کلب برسلز میں کشمیر پر ایک تصویری نمائش سے ہوا۔ کشمیر ای یو ویک کی تقریبات میں مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں سیمیناروں اور مباحثوں کے علاوہ، یورپی اراکین پارلیمنٹ، یورپی اعلیٰ عہدیداروں، انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں اور یورپی میڈیا کانفرنس بھی شامل ہے۔ یورپی پارلیمنٹ میں منعقدہ سیمینار میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید، راؤ مستجاب احمد، شیراز راج، سردار محمد صدیق، چوہدری خالد محمود جوشی، آندرے بارکس، ملک محمد اجمل، حسن علی رحیم ، سید مصطفیٰ بخاری، اسلم حسین شاہ، زروان احسن غامدی اور آمنہ اقبال نے خطاب کیا۔ سیمینار اور اس کے دوسرے مرحلے میں مباحثے کے دوران دانشوروں اور ماہرین کے علاوہ، یورپی اداروں میں زیرتعلیم طلباء بھی شریک ہوئے۔ مقررین نے نشاندہی کی کہ اس وقت پوری دنیا میں ظلم و استبداد کے خلاف اور انسانی حقوق کی حمایت میں بیداری کی لہرہے اور عوام مظلوموں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے باہر نکل رہےہیں۔ اب وقت ہے کہ کشمیریوں کی آواز کو زیادہ سے زیادہ اٹھایا جائے تاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا منصفانہ کردار ادا کرنے کیلئے آمادہ ہوسکے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے اور عالمی برادری کے ضمیر کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے۔ ہماری مسلسل آواز کشمیرکے بارے میں اقوام عالم کے خیالات بدل سکتی ہے اور دنیا میں کشمیریوں کی حمایت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کا کہنا ہے کہ بھارت ساڑھے سات عشروں سے جموں و کشمیر کے خوبصورت خطے کے ایک بڑے حصے پر قابض ہے اور اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھنے کیلئے مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے. انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جس طرح اس وقت دنیا یورپ (یوکرین) اور مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات کی طرف متوجہ ہے، مودی حکومت اس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کوئی گھناونی کارروائی کرسکتی ہے تاکہ وہ زیادہ دیر تک اس خطے پر اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھ سکے۔ کشمیریوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل عام، بے دریغ گرفتاریاں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے ڈومیسائل قوانین میں ترمیم جیسے اوچھے ہتھکنڈے بھارتی مذموم مقاصد کا حصہ ہیں۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہاکہ یورپی یونین سمیت عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ اس متنازع سرزمین کی صورتحال کو معمول پر لایا جائے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک پرامن ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنی خواہش کے مطابق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرسکیں۔

یورپ سے سے مزید