• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی وائٹس نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا


کراچی (اسٹاف رپورٹر) بولروں کی شاندار کارکردگی کے باعث کراچی وائٹس نے ایبٹ آباد کو 9؍ رنز سے ہراکر قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ کراچی نے پہلی بار یہ ٹائٹل جیتا۔ اتوار کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میں ایبٹ آباد نے 9 وکٹ پر146رنز بنائے۔ کراچی نے اس سال قائد اعظم ٹرافی جیتی، قومی ون ڈے ٹورنامنٹ پاکستان کپ کا فائنل کھیلا۔ فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ اور رنرز اپ ٹیم کو 25لاکھ روپے ملے۔ ایبٹ آباد کی جانب سے اعتزاز حبیب خان 43، فیاض خان نے 23، احمد خان نے19، فخر زمان نے18، کامران غلام نے12 اورآفاق احمد نے 11رنز بنائے۔ شہاب خان اور کپتان یاسر شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاہ نواز دھانی نے16رنز دے کر تین جبکہ انور علی اور دانش عزیز نے دو دو وکٹ لیے۔فائنل کے پیش نظر نیشنل اسٹیڈیم کے باہر عوام کا ہجوم آگیا۔ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ کراچی نے 9 وکٹ پر 155رنز بنائے۔ اوپنر خرم منظور نے36گیندوں پر53، عمیر بن یوسف نے36اور دانش عزیز 22رنز اسکور کئے۔ اعظم خان 14،اسد شفیق اور انور علی نے چار چار جبکہ سہیل خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر شہاب خان نے28 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ25وکٹیں حاصل کیں ۔ عادل نازاورفیاض خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسپورٹس سے مزید