کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ اور اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ 9مئی کے تمام کیس سول کورٹ منتقل کئے جائیں جبکہ چیئرمین سمیت تمام گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کو رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح دیگر جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے اسی طرح پی ٹی آئی کو بھی دی جائے ۔ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نگران حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پی ٹی آئی کے خلاف پالیسیاں قابل مذمت ہیں، گزشتہ روز باجوڑ میں شیر فضل کے ساتھ رویہ اور کوئٹہ میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کو بلاجواز سیل کردیا گیا جو قابل مذمت اقدام ہے۔درایں اثنا محمد رحیم کاکڑ اور اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے ضلع کوئٹہ میں گیس کی ناروا بندش اور ریشر میں کمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر گیس کے بھاری بھر کم بلوں کی مذمت کرتے ہیں ،ملک میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ، حالانکہ اشرافیہ کی شاہ خرچیوں کو کنٹرول کرنا چاہئے مگر افسوس مختلف ٹیکسز لگا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے ایک اور بیان میں پارٹی کے نئے چیئرمین سمیت مرکزی و صوبائی کابینہ کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو صوبائی سطح پر ہر قسم کی گروہ بندی سے دور رکھا جائے گا تمام عہدیداروں سے ہر کارکن عمران خان کے بیانیے کا پابند ہے جس نے پارٹی آئین کی خلاف ورزی کی اسے پارٹی سے نکالا جائے گا۔