راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے تمام تھانوں کی تزئین وآرائش کاکام شروع کردیاگیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر تھانوں میں سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے اوردوستانہ ماحول مہیا کرنے کیلئے صوبہ بھرکے 750پولیس سٹیشنوں کی تزئین وآرائش کے لئے ایک ارب 90کروڑروپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔ان فنڈز سے راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیس سٹیشنوں کی رینوویشن کا کام شروع کردیاگیاہے ۔ ضلع راولپنڈی کے 34تھانوں میں ایس ایچ اوزکی زیرنگرانی فرشوں پر ٹائیلوں کی تنصیب،چھتوں پرسیلنگ اور دیواروں پر پینلنگ کی جارہی ہےجب کہ باتھ رومزکی مرمت کاکام بھی جاری ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ نیا فرنیچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ سامان بھی خریدا جائے گا۔ تزئین وآرائش کاکام 31دسمبر سے قبل مکمل کرنے کاحکم دیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ پنجاب پولیس کو ایندھن کی خریداری کے لئے ڈیڑھ ارب روپے بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔