• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی بریت ہوگئی، تاحیات نااہلی رکاوٹ ہے، عابد زبیری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا ہے کہ 2017ء میں جو ڈرامہ شروع کیا گیا اس کا آج عدالتی اختتام ہوگیا ہے، نواز شریف اب نااہل نہیں انشاء اللہ الیکشن لڑیں گے، پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی اپ سیٹ کرنے کا اختیار ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی تھی، بھٹو کو پھانسی کی سزا سنانے والے چار ججوں کو پھانسی دینی چاہئے، سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر معاملہ میں غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری ، تحریک انصاف کے ترجمان نعیم حیدر پنجوتھا اور ماہر قانون بیرسٹر شبیر شاہ بھی شریک تھے۔سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے کہا کہ نواز شریف کی بریت ہوگئی لیکن سپریم کورٹ کی طرف سے تاحیات نااہلی رکاوٹ ہے، ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت سپریم کورٹ کا غلط فیصلہ تھا۔نعیم حیدر پنجوتھانے کہا کہ 2017ء میں بددیانتی کی بنیاد پر نواز شریف کی نااہلی ہوئی ،انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہوتا ہے یہی معاملہ عمران خان کے کیسوں میں ہورہا ہے، جس طرح آج بھٹو کیس غلط ہونے کی بات ہورہی ہے ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سائفر کیس میں اوپن ٹرائل کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔بیرسٹر شبیر شاہ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کی شق 232 کے تحت نواز شریف اب نااہل نہیں ہیں، پارلیمنٹ کے قانون کو جب تک ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ کالعدم قرار نہ دے وہ سب پر لازم ہے،ذوالفقار علی بھٹو سزائے موت پر صدارتی ریفرنس نہ بھی آتا تب بھی آرٹیکل 184/3میں اپنے غلط فیصلے کو صحیح کرنا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔ن لیگ کے رہنما بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا کہ 2017ء میں جو ڈرامہ شروع کیا گیا اس کا آج عدالتی اختتام ہوگیا ہے، ایون فیلڈ اور ہل میٹل کے بعد العزیزیہ کیس بھی ختم ہوگیا ، اس وقت نواز شریف کسی عدالت سے سزا یافتہ یا مجرم نہیں ہیں، نواز شریف اب نااہل نہیں انشاء اللہ الیکشن لڑیں گے۔
اہم خبریں سے مزید