کراچی (نیوز ڈیسک) فلسطین کی حکمران جماعت فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے سیکرٹری جنرل حسین الشیخ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے تمام فلسطینیوں پر جنگ مسلط کررکھی ہے، انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اوسلو معاہدہ ان اسرائیلی ٹینکوں کی چینوں کے نیچے دب کر مرچکا ہے جو جنین سے لے کر رفح تک ہمارے شہروں اور دیہاتوں پر چڑھائی کررہے ہیں، جنین میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 4فلسطینی شہید ، ایک فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا ۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المنصور نے کہا ہے کہ اسرائیل بھوک کو فلسطینیوں کیخلاف ہتھیار کے طور پر جان بوجھ استعمال کررہا ہے ۔جنیوامیں یونیورسل ڈیکلیریشن آف ہیومن رائٹس کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں کم از کم 10 لاکھ فلسطینی بھوک کا شکار ہیں جن میں سے نصف تعداد بچوں کی ہے ، ایسا کسی قدرتی آفت کی وجہ سے یا سرحد پر امداد کی کمی کی وجہ سے نہیں ہورہا ہے بلکہ یہ اس لئے ہورہا ہے کیوں کہ اسرائیل بھوک کو ہتھیار کے طور پرا ستعمال کررہا ہے ۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے فلسطینی اتھارٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو مرحلہ وار تباہ کرنا چاہتی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حماس اور فلسطینی اتھارٹی میں فرق یہ ہے کہ حماس اسرائیل کو فوری طور پر تباہ کرنا چاہتی ہے جبکہ فلسطینی اتھارٹی صیہونی ریاست کو مرحلہ وار تباہ کرنے کی خواہاں ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے پیر کے روز اشارہ دیا تھا کہ وہ مغربی کنارے میں متوازی جنگ شروع ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کرتے۔