پشاور(نیوز ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ججز کو ڈکٹیشن دینا بند کردیں تو سب کو انصاف مل جائے،ماضی میں دہشت گردوں کو روکنے کے بجائے دعوت دی گئی،ہمیں آپس میں لڑنے کے بجائے دہشت گردی کیخلاف لڑنا ہو گا ،دشمن ہماری اندرونی لڑائی کا فائدہ اٹھا رہا ہے، سیاسی اختلافات بھلا کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہئے،یاسر عرفات اور شاہ فیصل نے ضیاالحق سے کعبہ میں حلف لیا تھا بھٹو کو نہیں مارینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورہائی کورٹ بار میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول نےڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کے فیصلے نے پاکستان کو 10 سال پیچھے دھکیلا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پاکستان میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر افسوس ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے شہدا کو بتایا جائے کہ ان کے خون پر سودا کس نے اور کیسے کیا، افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے وقت وہاں بہت سے قیدی پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث تھے۔