کراچی / غزہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ میں اسرائیلی فورسز کیخلاف حماس کا بھرپور جوابی حملہ، شمالی غزہ کے علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی کرنل سمیت 10فوجی ہلاک ہوگئے، اسرائیل نے گولانی بریگیڈ کے کمانڈر کرنل اور لیفٹیننٹ کرنل سمیت 10اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی ہے، 193رکن ممالک میں سےتین چوتھائی یعنی 75فیصد سے زیادہ ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا جبکہ امریکا اور اسرائیل سمیت صرف 8ممالک نے اس کی مخالفت کی ، اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے غزہ جنگ کے معاملے پر عالمی تنہائی کا اعتراف کرتے ہوئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ عالمی حمایت ہو یا نہ ہو غزہ میں جنگ جاری رہے گی،دوسری جانب اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں رہائشی آبادیوں ، اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپوں اور سول انفراسٹرکچر پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا، صیہونی فورسز کی بمباری اور گولہ باری میں مزید 200سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 18ہزار 600سے بڑھ گئی جبکہ 50ہزار 600افراد زخمی ہیں، حماس کے زیر انتظام غزہ میں وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال میں مریضوں کے وارڈزپر فائرنگ کی ہے جس سے شعبہ اطفال میں موجود 12بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں، یہ بچے پہلے ہی دودھ اور جان بچانے والے آلات سے محروم ہوچکے ہیں، ادھر وائٹ ہاؤس نےبتایا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان جمعرات کو اسرائیل کا دورہ کریں گے جہاں وہ غزہ کی جنگ پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے درمیان صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو ،اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کوغزہ میں میدان جنگ میں بڑے جانی نقصان اور عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا سامنا ہے ۔ اسرائیل نے حماس کے حملے میں اپنے کرنل سمیت 10فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ میں زمینی جنگ کے بعد سے اس کے ہلاک فوجیوں کی تعداد 115ہوگئی ہے ۔برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق حماس کے مزاحمت کاروں پر حملہ کرنے والا فوجیوں کا ایک گروپ ان کے نرغے میں آگیا اور اس کی مدد کیلئے دیگر اہلکار بھی پہنچے جنہیں مزاحمت کاروں نے گھات لگا کر نشانہ بنایا ،حماس کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کو قابض فوجیوںکا قبرستان بنانے کا اپنا وعدہ پورا کررہے ہیں۔ القسا م بریگیڈز کا کہنا ہے کہ وہ القدس بریگیڈز کے ساتھ مل کر، غزہ کی پٹی کے وسط میں 15 فوجیوں پر مشتمل صیہونی فورس کو اپنے جال میں پھنسانے میں کامیاب ہو گئےجنہیں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ان کے مطابق فلسطینی دھڑوں نے انتہائی قریب کے فاصلے سے حملہ کرکے صہیونی فوج کے ساتھ جھڑپ کی اور انہیں ہلاک اور زخمی کر دیا۔القسام بریگیڈز نے خان یونس شہر کے مشرقی اور شمالی محور میں ال یاسین 105 گولوں اور اسٹروب چارجز سے 7 ٹینکوں اور دودیگر فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کا بھی بتایا ہے ۔