کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں سندھ میں ہمارے ساتھ ظلم ہورہاہے،سندھ حکومت کی کرپشن کی وجہ سے پورا سندھ تباہ ہے،اگر سندھ میں ہمارے بچوں کو نوکریوں سے محروم رکھا جارہا ہے تو وفاق زخموں پر مرہم کیوں نہیں رکھ رہا، وفاق کے کہنے پر اٹھارویں ترمیم کیوں چھیڑی جا رہی ہے وفاق سے پوچھا جائے مردم شماری کس کا موضوع ہے،دادو اور لاڑکانہ کی آبادی بڑھ رہی ہے کراچی کی کم ہو رہی ہے وفاق ہم سے محبت کرتا تو ہمیں پورا گن لیتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مہاجر قومی موومنٹ کے تحت منعقدہ سندھ اربن گریجویٹ فورم کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مہاجر قومی مومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے ریڈ کراس کیمپ بنگلہ دیش میں موجود بہاریوں کی منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انہیں پاکستان سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے حکومت واپسی کا اعلان کرے۔