• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کی امریکی حکومتی و عسکری حکام سے ملاقاتیں، روابط جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آرمی چیف نے امریکی حکومتی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں ، اس دوران روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور سپہ سالار اپنے پہلے دورہ امریکا کے دوران نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں جاری بین الاقوامی تنازعات اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے دوطرفہ تعاون کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ آرمی چیف اور امریکی حکام میں عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشتگردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی، فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اہم خبریں سے مزید