لاہور(نیوز رپورٹر،جنگ نیوز)امارات کا تحفہ ،ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ،UAE کی ٹیم اور جہاز 15روز سے پاکستان میں موجود،شاہدرہ ، مریدکے اطراف بادل نظر آتےہی کلاوڈ سیڈنگ کیلئے48فائر کیے کیے گئے اور 15کلومیٹر تک بارش ہوئی ،پاکستان کا ایک روپیہ نہیں لگا ،سموگ کم ہوگی، مصنوعی بارش پر 35کروڑ روپے لگانے والی بات سراسر غلط بیانی ہے، آج رات تک مصنوعی بارش کے نتائج آ جائیں گے، اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہو جائیں گے،اس بارش سے صحت خراب نہیں ہوتی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عرب امارات کی ٹیم نے 15کلومیٹر رقبہ پر شاہدرہ اور مرید کے میں بادل برسائے ،ہمارا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا، پہلے مشن میں صبح کلاوڈ سیڈنگ کیلئے48فائر کیے،دوسرا مشن کچھ دیر بعد شروع کیا گیا،نتیجہ اتوار کی رات تک واضح ہوگا،پوری ٹیم 15روز سے بارش برسانے کیلئے پاکستان میں بیٹھی تھی،سموگ کم ہوگی،اس تحفہ پر صدر UAEکے شکر گزار ہیں ،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا، نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مبارک باد دی ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ صبح لاہور آلودہ ترین شہر تھا، ملک کی تاریخ میں آج پہلی بار مصنوعی بارش کی گئی،انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کے لیے ہم نے کوئی خصوصی خرچہ نہیں کیا، سموگ کے خاتمے کے لیے اگر خرچہ کرنا بھی پڑتا تو میں دریغ نہ کرتا،انہوں نے کہا کہ لاہور میں اکثر مقامات پر بارش ہو گئی ہے، لاہور کے تقریباً 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی، 10 سے 15 کلو میٹر کے علاقے میں اس بارش کو پلان کیا گیا ہے،محسن نقوی نے کہا کہ مصنوعی بارش میں یو اے ای نے سپورٹ کیا، یو اے ای کی ٹیم یہاں موجود تھی، وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی، مصنوعی بارش کا تجربہ ہمارے لیے بہت ضروری تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہو جائیں گے، مصنوعی بارش کا تجربہ نیا ہے اس کے اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم نے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم دونوں چیزوں کو مدِ نظر رکھا، ہمیں مصنوعی بارش کے بعد کے نتائج کا انتظار ہے، اتوار کی رات تک مصنوعی بارش کے نتائج آ جائیں گے۔محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کےپہلے مشن میں شاہدرہ اور مریدکے کی طرف بادل برسائے گئے، مصنوعی بارش کے لیے ہمارا ایک روپیہ بھی نہیں لگا، 10، 12 دن سے بادل نہیں تھے یو اے ای حکومت کی وجہ سے ہم مصنوعی بارش کر سکے، یو اے ای حکومت کی جانب سے بارش بطور تحفہ برسائی گئی۔شاہدرہ اور مریدکے اطراف بارش ہوئی ہے کیونکہ وہاں مطلوبہ بادل اور ہوا موجود تھی۔ الحمداللہ مصنوعی بارش برسانے میں ہمارا ایک روپیہ بھی نہیں لگا ، جیسے ہی ہمیں تھوڑے سے بادل نظر آئے،ہم نے مشن شروع کر دیا۔ آج صبح بھی لاہور ایئرانڈیکس کے مطابق دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا۔ مصنوعی بارش کا تجربہ کرنا کوئی آسان نہیں تھا، وفاقی حکومت اور اداروں نے بھی بھرپور معاونت کی۔