کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں پانچ سال بعد ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کی پلے انگ کندیشنز میں تبدیلیاں کرکے پہلی اننگز کو 80 اوورز تک محدود کردیا ہے ۔ ٹیموں کو پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر بونس پوائنٹس بھی ملیں گے۔ پلے انگ کنڈیشنز کے مطابق پہلی اننگز میں اگر ٹیم 350 رنز بنائے گئی تو بیٹنگ بونس پوائنٹ اور آل آوٹ کرنے پر بولنگ بونس پوائنٹ ملے گا، بیٹنگ سائیڈ پہلی اننگز 80 اوورز سے پہلے ڈیکلیئر کرنا چاہے گی تو پھر بولنگ سائیڈ بونس پوائنٹ کی حقدار ہوجائے گی ۔ ہفتے کو پی ٹی وی نے اسٹیٹ بینک کے خلاف پہلے بیٹنگ کی ٹیم صرف 66 رنز بناسکی۔عزیر ممتاز 21 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔محمد عباس نے صرف 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل نے تین کھلاڑیوں کو18 رنز دے کر آؤٹ کیا۔اسٹیٹ بینک نے کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 201 رنز بنائے تھے۔زین عباس تیرہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ عمرامین 64 رنز پر کھیل رہے تھے۔یہ دونوں دوسری وکٹ کی شراکت میں 159رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔ ایس این جی پی ایل نے غنی گلاس کے خلاف پہلے بیٹنگ کی اور80 اوورز میں سات وکٹوں پر 371 رنز بنائے۔ عابدعلی نے 90 رنز اسکور کیے۔اسد شفیق نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔صاحبزادہ فرحان نے 67رنز بنائے۔عمیربن یوسف نے 56 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔لیگ اسپنر محمد رمیز نے 130 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں غنی گلاس نے تین اوورز کی بیٹنگ میں کوئی رن نہیں بنایا تھا اور اس کی کوئی وکٹ نہیں گری تھی۔ کے آر ایل کے خلاف واپڈا نے80 اوورز کی بیٹنگ میں6 وکٹوں پر322 رنز اسکور کیے۔ افتخار احمد نے 180گیندوں پر 155 رنز بنائے۔ محمد سلیم نے 117 رنز کی اننگز کھیلی جس میں بارہ چوکے شامل تھے۔ کے آر ایل نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنائے تھے۔