اسلام آباد(جنگ نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار‘ اراکین کو ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سمیت کابینہ کے دیگر اہم اراکین کو 19دسمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا۔ ایڈووکیٹ سید عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر درخواست میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی کابینہ کے بعض دیگر ارکان کو ہٹانے کی استدعا کی گئی تھی۔درخواست میں الیکشن کمیشن سے (نگران وفاقی کابینہ میں شامل) احد چیمہ، فواد حسن فواد اور وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری سید توقیر حسین کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔د رخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان افراد کے نگران حکومت میں ہونے کی وجہ سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، اگر حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان لوگوں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔درخواست گزار نے کہا تھا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار ارکان‘ کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔ہفتے کے روز الیکشن کمیشن نے مذکورہ درخواست کو 19 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، فواد حسن فواد احد چیمہ اور عزیز الدین کاکا خیل کو نوٹس جاری کردیے۔مذکورہ درخواست پر 19دسمبر دوپہر ایک بجے الیکشن کمیشن میں سماعت ہو گی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ درخواست ایک ایسے موقع پر منظور کی گئی ہے جب گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن 2024 کا انتخابی شیڈول جاری کردیا تھا۔