اسلام آباد (جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔ ہفتہ کے روز سپریم کورٹ اسلام آباد میں ایک سادہ اور باوقار تقریب میں جسٹس اعجاز الاحسن نے ان سے حلف لیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بیرون ملک قیام کے دوران جسٹس سردار طارق مسعود چیف جسٹس کے طور پر کام کریں گے۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، لاہور ہائی کورٹ (راولپنڈی بنچ) کے ججز، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔