• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کے زیر صدارت اجلاس، سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے 8 فروری کو عام انتخابات کو یقینی بنانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی پارٹی کی الیکشن مہم کا آغاز 27دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر منعقد عظیم الشان جلسہ عام سے کریں گے۔ بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلزکے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماوَں سینیٹر شیری رحمان، شازیہ عطا مری، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ اور سریندر ولاسائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کا ایک اہم ہائبرڈ اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت بروز ہفتہ بلاول ہاوَس کراچی میں منعقد ہوا۔ شیری رحمان نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کے لیے ان کے حالیہ کامیاب عوامی رابطہ مہم کے ذریعے دباوَ پیدا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی الیکشن مہم کے دوران چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے اور عوام کو متحرک کریں گے۔ پی پی پی پارلیمینٹرین کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈیول جاری ہونے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے اور اپنا آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دینے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی تاحال ملک کی واحد جماعت ہے جس نے اپنی تنظیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ہے، جو الیکشن کے متعلق اس کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے، الیکشن میں یقین رکھتی ہے اور یہ ملک کی واحد جماعت ہے جو الیکشن موڈ میں ہے۔
اہم خبریں سے مزید