اسلام آباد (جنگ نیوز) حلقہ این اے 47 اورحلقہ این اے48 سے امید وار مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ایک وقت تھا سیاست نظریے اور سوچ پر ہوتی تھی پر اب سیاسی اشرافیہ صرف اور صرف اقتدار حاصل کرنے کیلئے سیاست کرتے ہیں، سیاسی اشرافیہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں،تین برسوں سے ہر سیاسی جماعتیں کسی نہ کسی طرح حکومتی حصہ رہی ہیں، ان حکمرانوں سے نہ مہنگائی کنٹرول ہوئی نہ ملک کے معاشی حالات ٹھیک ہوئے اور نہ ہی یہ حکمران سکیورٹی نظام درست کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار امید وار برائے حلقہ این اے 48اور حلقہ این اے 47 مصطفیٰ نواز کھوکھرنے غوری ٹاؤن فیز 2 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ سیاسی اشرافیہ اقتدار صرف ذاتی اناؤں کی تسکین اور ذاتی فائدے کیلئے حاصل کرنا چاہتی ہیں ، پاکستان اس وقت تین بڑے بحرانوں کا شکار ہے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی۔ چند روز قبل بھی ہمارے دو درجن سے زائد فوجی بھائی دہشت گردی کا نشانہ بنے، ملک سے ہنر مند، وکیل،ڈاکٹرز اور پروفیشنلز، نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں جماعتیں غیر نظریاتی ہو چکی ہیںجبکہ عوام نظریاتی ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کا علاقہ مسائل کا گڑھ ہے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اس میں تو کوئی مسائل ہونے ہی نہیں چاہئیں۔ آج سے پہلے آپ کے جتنے بھی منتخب ایم این ایز گزرے ہیں آپ کا حق بنتا ہے کہ آپ انہیں پوچھیں کہ آپ نے انہیں منتخب کیا انہوں نے آپ کے علاقے کی ترقی اور فلاح کیلئے کیا کیا۔