لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلینگ ملتا ہے تو ہم اچھا خاصا سر پرائز دینگے، میاں صاحب کا پہلا دور حکومت بھی آمریتسے کم نہ تھا، ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اگر پیپلز پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ، میں سمجھتا ہوں کسی جماعت کا پیپلز پارٹی سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ ہمارا مقابلہ مہنگائی بیروزگاری اور غربت سے ہے اور وعدہ ہے ہم مل کر محنت کریں گے اور ملک کے مسائل کا حل نکالیں گے۔ وہ پیپلز پارٹی لاہور کی رہنما کامریڈ زبیدہ شاہین کی عیادت کرنے کے بعد باغباپورہ میں میڈیا سے گفتگو کر ر ہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں،مہنگائی غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔